اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، عالمی مالیاتی بحران ـ جس نے عالم مغرب کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ـ کے آغاز سے ایک برس گذرنے کے بعد فائننشل ٹائمز (Financial Times) نے مغرب کے مالیاتی بحران کے حوالے سے ایک رپورٹ کے ضمن میں، مستقبل میں اس بحران کے شدیدتر ہوجانے کے سلسلے میں خبردار کیا ہے اور لکھا ہے: مستقبل میں عالم اسلام معاشیات کے شعبے میں مغرب پر مسلط ہوجائے گا.
اس روزنامے نے اپنی رپورٹ کی شہ سرخیوں میں اس سرخی کا اضافہ کیا کہ ""مسکرائیں ...عالمی اسلام ہمیں خرید لے گا!"، اسلام کا بینکاری نظام سنہ 2015 میں عالمی مالیات نظام پر پوری طرح مسلط ہوجائے گا.
اس وقت صورت حال یہ ہے کہ امریکہ اور یورپ ـ خاص طور پر برطانیہ ـ میں متعدد بڑے مالیاتی ادارے اور بینک دیوالیہ ہوگئے ہیں اور لہمان برادرز Lehman Brothers Inc. نے موجودہ مالیاتی بحران کے بعد دیوالیہ پن کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری طرف سے "دبی" کے اسلامی مالیاتی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی مالیاتی اداروں نے مغربی دنیا میں آٹھ سے دس کھرب ڈالر تک سرمایہ کاری کی ہے اور مغرب میں اگر موجودہ بحران جاری رہے تو یہ رقم 40 کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے جس کی مثال میں ماضی میں نہیں ملتی.
یادرہے کہ دنیا میں مالیات بحران کے سر اٹھانے کے بعد مغرب کی جانب سے بحالی کے متعدد اقدامات کی ناکامی کے بعد اس بحران کے خاتمے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کے ضمن میں مغربی دنیا میں اسلامی بینکاری نظام کی ترویح کو بہت اہمیت دی جارہی ہے اور بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اسلامی بینکاری نظام ہی مغرب کو مالیات بحران کے نرغے سے نکالنے کا واحد راستہ ہے.